مجلس اتحاد المسلمین بھارتیہ جنتا پارٹی کی ‏B ‎ٹیم: سید فیصل علی ‏


نئی دہلی،12 ستمبر( یواین آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)کے رہنما سید فیصل علی نے اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کو بی جے پی کی ’بی‘ ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہار کے مسلمان فرقہ وارانہ طاقتوں کو مستحکم کرنے کے لئے پردے کے پیچھے کام کرنے والوں کو اچھی طرح پہچانتے ہیں اور وقت آنے پر ان لوگوں کو اس کا مناسب جواب دیں گے۔ فیصل علی نے ہفتہ کے روز یہاں ’یواین آئی‘ کو بتایا کہ مسلمان اپنی قطار میں کھڑے غداروں کو صحیح طور پر پہچانتے ہیں اور خاموشی کے ساتھ جواب دینا بھی جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر اویسی نے اس بار بہار اسمبلی کی 50 نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اوریہ سبھی امیدواران علاقوں میں اتارے جائیں گے جہاں آر جے ڈی امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ کس پارٹی کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔
شیوہر لوک سبھا حلقہ کے سابق امیدوار فیصل علی نے کہا کہ 2015 کے اسمبلی انتخابات میں اے آئی ایم آئی ایم نے مسلم اکثریتی علاقوں میں اپنے چھ امیدوار کھڑے کئے تھے لیکن پانچ کی ضمانت ضبط ہوگئی تھی ۔ اس وقت بھی مسلمانوں نے اپنے معاشرے کے میرجعفر کی صحیح شناخت کر کے اپنے ووٹ کا استعمال کیا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بار بھی مسلم معاشرے کے لوگ فرقہ وارانہ قوتوں کو کمزور کرنے کے لئے کسی کے گمراہ کرنے اور ورغلانے میں نہں آنے والے ہیں۔

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی