جمعیۃ علماء سلیمانی چوک کے زیراہتمام UPSC ٹاپرس کا تاریخی استقبال
مالیگاؤں میں سول سروسیز کوچنگ سینٹر بنانے پر ماہرین کا زور،جنون کا دوسرا نام ہے آئی اے ایس ،آئی پی ایس :سیّد محمد حسین کا طلبہ سے پر زور خطاب
دہلی سے عائشہ قاضی نے آن لائن خطاب کیا ،شبینہ انصاری نے بھی اپنی کہانی سُنائی
مالیگاؤں (پریس ریلیز) ۱۸؍جون۲۰۲۳ء جمعیۃ علماء سلیمانی چوک مالیگاؤں کے زیراہتمام حج ہاؤس مالیگاؤں میں منعقدہ تربیتی و تہنیتی تقریب برائے UPSC ٹاپرس کامیابی سے ہمکنار ہوئی ۔پروگرام کی صدارت ڈاکٹر مقصود احمد خان (سابق CEOحج کمیٹی آف انڈیا اور بانی مربی جعفر سلیمان ہاسٹل آئی اے ایس اکیڈمی) نے فرمائی ۔مہمانانِ اعزازی میں سیّد محمد حسین رمضان (آئی پی ایس) اور شبینہ شکیل انصاری (سول سرونٹ) نے شرکت کی ۔مقامی مہمانان میں ایڈیشنل ایس پی انیکیت بھارتی صاحب اور ڈی وائے ایس پی رجنی کانت (آئی پی ایس )نے شرکت کی ۔
قاری محمد شہزاد کی تلاوتِ قرآن اورجمعیۃ علماء کے مقامی صدر مولانا آصف شعبان کے استقبالیہ کلمات اور اغراض و مقاصد کے ذریعہ پروگرام کا آغاز ہوا۔ مولانا نے کہا کہ جمعیۃ علماء سلیمانی چوک ملّی شعبہ کے علاوہ تعلیمی شعبہ میں بھی گلی سے دِلّی تک سرگرم ہے ۔اوپن اسکول مشن اُسی کا حصہ ہے ،ہمار امقصد ہے کہ مالیگاؤں سے بھی IAS اور IPS آفیسر بن کر نکلیں ۔صدرتقریب ڈاکٹر مقصود خان نے کہا کہ مالیگاؤں میں نہ تو معیاری تعلیمی اداروں کی کمی ہے نہ ہی مسلم طلباء میں ٹیلینٹ کی کمی ہے ۔بس سول سروسیز کی طرف راہ نمائی کا فقدان ہے ،جسے دور کرلیا جائے تو مالیگاؤں سے UPSC ٹاپرس کی جھڑی لگ سکتی ہے ۔مہمانِ اعزازی سیّد محمد حسین رمضان جوکہ جمعہ کی صبح دہلی سے نکل کر پونہ آئے اوراعظم کمپس میں طلبہ سے خطاب کرکے سفر کی مشقتیں اٹھاتے ہوئے مالیگاؤں کے طلبہ کی پرجوش راہ نمائی انجام دی ۔انہوں نے اپنے طویل تعلیمی سفر کی تفصیلی کہانی بیان کی ۔جس کا خلاصہ یہی ہے کہ غربت، تنگ دستی ،تنگ مکانی اور وسائل کی کمی ،مسائل کے بحران کے باوجود اگر کسی کے اندر اپنی منزل پر پہنچنے کا جنون ہے تو پھر اس کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ سیّد محمد حسین نے مقامی طلبہ کیلئے آئی اے ایس اکیڈمی قائم کرنے کی صلاح دی ۔اور پرسنل راہ نمائی کیلئے وہاٹس ایپ گروپ پر سوالوں کا جواب دیتے رہنے کا وعدہ کیا ۔جعفر سلیمان آئی اے ایس اکیڈمی کے ڈائریکٹر عقیل شیخ نے کہا کہ ڈاکٹر مقصود خان کی سرپرستی میں حج کمیٹی اور ہمارے ادارے سے اب تک پچاس سے زائد سول سرونٹ کامیاب ہوکر قوم کی خدمت میں مصروف ہوچکے ہیں ۔اہل مالیگاؤں کے پاس وسائل کی کمی نہیں ہے ۔اتنا شاندار اُردو گھر بھی موجود ہے جو اسی مقصد کیلئے بنا ہے لیکن طلبہ سے خالی ہے ۔آپ لوگ ایک قدم اٹھائیں ہم آپ کی مکمل راہ نمائی کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ جو مالیگاؤں کے طلبہ UPSC میں دلچسپی رکھتے ہیں جولائی کے مہینے میں ہونے والے انٹرنس ٹیسٹ میں حصہ لیں ۔اس کا سرکیولر عبدالحلیم صدیقی کے ذریعے ہم آپ تک بھیجیں گے ۔ہمارے پاس لڑکے اور لڑکیوں کیلئے الگ الگ ہاسٹل بھی موجود ہے ۔جعفر سلیمان ہاسٹل میں بوائز کیلئے اور فاطمہ موسیٰ پٹیل ہاسٹل میں لڑکیوں کیلئے قیام کی سہولت ہے ۔دونوں اداروں سے امسال UPSC پرلیم امتحان میں ہمارے طلبہ نے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔
اس لئے آپ بھی آگے بڑھیں ۔لڑکیوں کیلئے رول ماڈل شبینہ انصاری نے اپنی تقریر میں بتایا کہ میں ایک اردو میڈیم اسکول کی اوسط طالبہ تھی۔سول سروسیز کے جنون نے مجھے حج ہاؤس پہنچایا ۔موصوفہ نے بھی لڑکیوں کی رہنمائی کیلئے یو پی ایس سی بیداری گروپ میں شامل ہونے کا عندیہ ظاہر کیا۔ شبینہ انصاری نے کہاکہ ہم نے آج دوپہر میں اردو گھر کا معائنہ کیا ۔ایسی شاندار عمارت اور ایسی شاندارسہولت دہلی ممبئی میں بھی نہیں ہے ۔بس اب ضرورت اس بات کی ہے کہ اُردو گھر کو UPSC اسٹڈی سینٹر بنایا جائے۔مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ایس پی انیکیت بھارتی نے کہا کہ مالیگاؤں میںٹیلینٹ کی کمی نہیں ہے ۔صحیح راہ نمائی ملے تو یہاں سے درجنوں IPS اور IAS نکل سکتے ہیں ۔آئی پی ایس آفیسر رجنی کانت نے بھی مقامی طلبہ کی راہ نمائی کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا اور دونوں آفیسران نے جمعیۃ علماء سلیمانی چوک کو اتنا اہم قدم اٹھانے پر ہدیۂ تبریک پیش کیا ۔اِس موقع پر مختلف تعلیمی، سماجی ،فلاحی اداروں نے صاحبانِ اعزاز کو پھولوں اور تحائف سے لاد دِیا ۔ان میں فلاحِ امت ٹرسٹ کے سبھی عہدیداران نے شروع سے آخر تک حاضر رہ کر طلبہ کی زبردست پذیرائی کی ۔مومن کانفرنس کی جانب سے ٹرافی پیش کی گئی۔مجلس ابنائے قدیم مدرسہ اسلامیہ کی جانب سے حرم مقدس کا ہدیہ پیش کیا ۔
مالیگاؤں فیسٹیول ٹرسٹ کی جانب سے رشید آرٹسٹ کا تیار کردہ اشعار پر مبنی پینٹنگ آصف شیخ رشید کی طرف سے دی گئی ۔کئی اصحاب نے کپڑے،عطریات ،مٹھائیاں وغیرہ کا تحفہ بھی دیا۔ فلاح ِ امت ٹرسٹ،اے ایچ سی اکیڈمی،انجمن معین الطلباء،MMANTC منصورہ،خاتون ایجوکیشن سوسائٹی،عبدالمطلب کیمپس،حج کمیٹی مالیگاؤں کے اشترک و تعاون سے اِس پروگرام کو چار چاند لگے ۔امسال کے SSC مالیگاؤں سینٹرل ٹاپرس کو بھی جمعیۃ علماء سلیمانی چوک کی جانب سے ٹرافی ،میڈل،سرٹیفکیٹ وغیرہ سے نوازا گیا ۔سٹی سینٹر ل ٹاپر احمد مجتبیٰ یوسف95.80%(مالیگاؤں ہائی اسکول )،دوسرے مقام پرنوال فاطمہ حافظ انیس اظہر95.40%(مالیگاؤں گرلس ہائی اسکول)،دوسرے ہی نمبر پر حائقہ طاہرہ ساجد اسلم95.40%(زینب انگلش اسکول) رہے ۔اِن کے علاوہ شہر کے درجنوں اسکول کے ٹاپرس کو بھی انعامات سے نواز اگیا ۔ پروگرام کی نظامت حافظ انیس اظہر نے بحسن خوبی انجام دی ۔قاری اخلاق احمد جمالی اور عبدالحلیم صدیقی کی کنوینر شپ میں منعقدہ اِس تاریخی پروگرام کا اختتام شاکر شیخ سر کے رسم شکریہ اور مولانا آصف شعبان کی دعا پر ہوا.
ایک تبصرہ شائع کریں