مکاتب قرآنیہ کے طلبہ کےلئے محمدی قاعدہ مفید ہے حافظ عارف اقبال عثمانی (ناظم مدرسہ عائشہ للبنات، واگھیری)

مکاتب قرآنیہ کے طلبہ کےلئے محمدی قاعدہ مفید ہے

حافظ عارف اقبال عثمانی
(ناظم مدرسہ عائشہ للبنات، واگھیری)




مالیگاؤں / ہندوستان کی سرزمین پر عربی قواعد کو سمجھنے اور سمجھانے کے ہر دور میں بے شمار رسالے اور کتابیں شائع کی گئی ہیں . لکھنے والے ہر مصنف نے اس بات کی کوشش کی ہے کہ یہ رسالہ آسان اور فہم ہو۔ تاکہ مدارس اور مکاتب کے طلباء کو پڑھنے اور پڑھانے میں سہولت ہو ۔اور اس فن میں طلباء کسی قدر آگے بڑھ کر قواعد کے ماہر ہو سکیں.
زیر نظر کتابچہ محمدی قاعدہ بھی ان ہی کوششوں کی ایک کڑی ہے ۔جسے جمعیت اہل حدیث مالیگاوں کے سابق ناظم اعلی حافظ وقاری اشفاق احمد محمدی نے بڑی دلجمعی کے ساتھ مرتب کیا ہے. بندہ ناچیز نے اس کتابچہ کو سب سے پہلے دوران سفر، کار کے ہچکولوں کے ساتھ سرسری نظر سے پڑھا. پھر اس کے بعد دو تین مرتبہ یکسوئی کے ساتھ اس کتاب کا بغور مطالعہ کیا ۔الحمدللہ پوری ذمہ داری کے ساتھ کہتا ہوں کہ محمدی قاعدہ مکاتب قرآنیہ کے طلباء کے لئے نہایت مفید اور کارآمد ثابت ہوگا. ان شاءاللہ
 صاحب کتاب کو بندہ گذشتہ 18 سالوں سے جانتا ہے جو برابر مکاتب قرآنیہ کے طلباء کے لئے اپنی ذات سے پہونچانے کا کام انجام دے رہے ہیں ۔مزید یہ کہ بندے کو بھی صاحب کتاب سے استفادہ کا موقع نصیب ہوا ہے ۔کتاب میں موجود قواعد کو پڑھ کر اپنا زمانہ طالب علمی یاد آگیا. حرف بہ حرف قواعد آج بھی ان کی تحریر میں نمایاں ہے. اس کتاب کی سب سے بڑی خصوصیت یہ کہ اس مختصر مجموعے میں مد لازم حرفی مثقل، حرفی مخفف، کلمی مثقل، کلمی مخفف کو اتنے آسان اور فہم انداز میں بیان کیا گیا ہے کہ طلباء دور چار مرتبہ پڑھنے اور سمجھنے پر اس قاعدے کے حافظ ہوسکتے ہیں ۔نیز اظہار اخفاء اور دیگر قواعد کی مثالیں قابل تعریف ہیں. جنہیں طلباء بہت ہی کم وقت میں آسانی کے ساتھ سمجھ سکتے ہیں ۔قاعدے اتنی ہی آسان ہونا چاہیئے کہ مکاتب کے طلبہ کے ہاتھوں میں جلد ہی کلام پاک آجائے.
اور الحمدللہ یہ تمام آسانیاں اس  قاعدے میں پائی جاتی ہے. صاحب کتاب اہل حدیث مسلک کے قائل ہیں. اس کے باوجود بھی کتاب کے شروع سے آخر تک کسی بھی صفحے پر مسلکی نقطہ نظر یا مسلکی بحث و مباحثہ کی کوئی گنجائش نہیں رکھی ہے.
 رب کائنات سے دعا گو ہوں اللہ پاک اس قاعدے کے فیض کو عام فرمائے اور صاحب کتاب کی نظر بدسے حفاظت فرمائے.اور دنیا و آخرت میں اس کا بہترین بدلہ عطا فرمائے آمین

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی