نئی دہلی 8 جون (یو این آئی) ملک میں کورونا وائرس (کووڈ- 19) کے کیسز میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9983 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ اسی عرصے میں مزید 206 افراد ہلاک ہوگئے۔ پیر کے روز صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 256611 ہوگئی ہے، جبکہ اس وبا کی وجہ سے 7135 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ملک میں فی الحال 125381 کورونا وائرس کے فعال کیسز ہیں جبکہ 124095 افراد اس وبا سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔
اس کرونا وبا سے ملک میں ریاست مہاراشٹر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 3007 نئے کیسز درج ہوئے ہیں اور 91 افراد کی موت ہو چکی ہے، جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 85975 ہوگئی ہے اور اس جان لیوا وائرس سے ہلاک شدگان کی تعداد 3060 ہوگئی ہے۔ اس دوران، ریاست میں 1924 افراد کورونا وائرس سے شفایاب ہوچکے ہیں، جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 39314 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے، جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 31667 اور269 اموات ہو چکی ہے جبکہ علاج کے بعد 16999 افراد کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔
کرونا وائرس کی وجہ سے قومی دارالحکومت دہلی میں بھی صورتحال انتہائی تشویشناک بنی ہوئی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے دہلی ملک میں تیسرے مقام پر ہے۔ دہلی میں 27654 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 761 فوت ہوگئے ہیں، جبکہ 10664 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ دہلی حکومت کی وزارت صحت کی طرف سے اتوار کی رات دیر گئے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کے 1282 کیسز درج ہونے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 28936 ہوگئی ہے جبکہ 51 مزید مریضوں کی ہلاکت کے بعد مجموعی تعداد 812 ہوگئی ہے۔ دہلی میں 10999 افراد وائرس سے ٹھیک ہوگئے ہیں اور فی الحال 17125 ایکٹیو کیسز ہیں۔
کووڈ۔19 سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ملک کی مغربی ریاست گجرات ہے۔ اب تک اس ریاست میں 20070 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1249 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس کے علاوہ 13635 افراد اس مرض سے ٹھیک ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ راجستھان میں بھی کوروناوائرس شدت اختیار کرتا جاررہاہے۔ اس ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد 10599 ہوگئی ہے اور 240 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جبکہ 7641 افراد پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک 10536 افراد کورونا وائرس کے شکار ہوچکے ہیں اور 275 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 6185 افراد شفایابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں 9401 افراد کوروناوائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور اس وبا سے 412 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 6331 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔ مغربی بنگال میں، 8157 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 396 افراد ہلاک اور 3303 افراد اب تک ٹھیک ہوچکے ہیں۔ جنوبی ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں 4708 اور کرناٹک میں 5452 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ان دونوں ریاستوں میں ہلاکتوں کی تعداد بالترتیب 75 اور 61 ہے۔
مرکز کے زیر کنٹرول جموں و کشمیرمیں متاثرہ افراد کی تعداد 4087 ہوگئی ہے اور41 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ پنجاب میں 51، بہار میں 30، ہریانہ میں 28، کیرالہ میں 15، اتراکھنڈ میں 13، اڈیشہ میں نو، جھارکھنڈ میں سات، ہماچل پردیش اور چنڈی گڑھ میں پانچ پانچ، آسام اور چھتیس گڑھ میں چار چار اورمیگھالیہ میں اس عالمی وبا سے ایک شخص کی موت ہوچکی ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں