بیرون ممالک سے عمرہ زائرین کیلئے کن شرائط کا پورا کرنا ضروری ہوگا؟
سعودی کمپنی عمرہ پیکج میں طے کردہ خدمات کی فراہمی کی نگرانی کرے گی
العربیہ، 26 اکتوبر مملکت سعودیہ عربیہ کی وزارت حج وعمرہ نے بیرون سعودی عرب سے عمرہ زائرین کے استقبال کے لیے ضوابط کا اعلان کیا ہے۔ بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی آمد کا سلسلہ اگلے اتوار سے شروع ہو رہا ہے۔ عمرہ ادائیگی کی بتدریج بحالی کا یہ تیسرا مرحلہ ہے۔ موصولہ خبروں کے مطابق تیسرے مرحلے میں بیرون ملک سے عمرہ کے لئے مملکت آنے والوں کی عمر کی حد 18 سے 50 برس مقرر کی گئی ہے۔ ان متعمرین کو کرونا وائرس سے محفوظ ہونے کے ثبوت کے طور پر PCR ٹیسٹ پیش کرنا ہو گا۔ یہ رپورٹ عمرہ کے لیے آنے والے زائرین میں سعودی حکومت کی منظور شدہ لیبارٹریوں کی جاری کردہ ہونی چاہیے۔ رپورٹ سفر سے 72 گھنٹے قبل تیار کی گئی ہو۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے پاس الحرمین الشریفین میں عمرہ، نماز کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت اور روضہ مطہرہ میں صلاہ وسلام پیش کرنے کی پیشگی منظور ہونا لازمی ہے۔ یہ منظوری ’’اعتمرنا‘‘ نامی ایپ کے ذریعے تمام قواعد وضوابط مکمل کرنے کی بعد ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ بیرون ملک سے عمرہ زائرین کو منظور شدہ مدت کے دروان مملکت آمد اور واپسی کے کنفرم ریٹرن ٹکٹ بھی پیش کرنا ہوں گے۔ بیرون ملک سے عمرہ کے لیے جانے والے متعمرین کو دن کے تین کھانوں کی سہولت فراہم کرنے والے رہائش گاہ کی بکنگ کا ثبوت بھی ہمراہ لانا ہوگا۔ تین دن آئیسولیشن میں گزارنے کے دوران انہیں عمرہ ادائیگی کے دوران احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے گا جن پر وہ سعودی عرب آمد سے واپسی تک انتہائی ذمہ داری سے عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔(العربیہ ڈاٹ نیٹ)
ایک تبصرہ شائع کریں