مالیگاؤں ٢٠ فروری، (پریس ریلیز) ١٩ فروری بروز جمعہ کے روز نکاح کو آسان اور طبی سہولتوں کو ضرورت مندوں کیلئے وقت پر مہیا کرنے كا عزم لے کر شہر کی سماجی تنظیم' نصر فاونڈیشن نے نکاح فورم اور میڈیکل انفارمیشن سینٹر کی بنیاد ڈالی ہے۔ جمعہ ۱۹ فروری کی شام شہر کی سرکردہ شخصیات کی موجودگی میں مرزا غالب روڈ پر جونا فاران کے سامنے سوھا مارکیٹ میں نصر نکاح فورم (میریج بیورو) اور نصر میڈیکل انفارمیشن سینٹر کا افتتاح عمل میں آیا۔ ںکاح فورم (میریج بیورو) کے ذریعے تمام مسالک اور برادریوں کے رشتوں کا ڈیٹا جمع کیا جائے گا اور بوقت ضرورت انہی کی مدد سے رشتے طے پائیں گے۔ جو معلومات اکٹھے کی جائے گی انہیں صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ ساتھ ہی ساتھ جن کا رشتہ طے ہوگا انکی کونسلنگ بھی کی جائے گی تاکہ نکاح کے مقاصد اور رشتوں کی اہمیت کو شادی سے پہلے ہی سمجھایا جا سکے۔
اس نکاح فورم کے توسط سے اقلیتی طبقے کو شادی کیلئے حکومت سے جو سہولتیں مل سکتی ہیں اسے بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان شاء اللہ۔ شہر کے معتبر، مخلص اور تجربہ کار افراد کے ذریعے یہ خدمات انجام دی جائیں گی۔ اسی طرح نصر میڈیکل انفارمیشن سینٹر کے قیام کا مقصد طبی سہولتوں کے لیے ضرورت مندوں کی رہنمائی کرنا ہے تاکہ جیون دائی میڈیکل اسکیم اور دیگر سرکاری اسکیموں کا فائدہ انہیں کس طرح مل سکتا ہے اسکی کوشش کرنا ہے۔ بڑی بیماریوں میں بیرون شہر کے طبی مراکز کی معلومات فراہم کرنا اور اس سلسلے میں جو ادارے مالی تعاون کرتے ہیں ان تک رسائی کی سبیل کرنا بھی اس کے مقاصد میں ہے۔ واضح رہے کہ نصر فاونڈیشن کے ذریعے نصر میڈیکل (جن اوشدھی کیندر) جاری ہے۔ اس کے علاوہ دوردراز کی میتوں کیلئے " سیارہ آخرت" کے نام سے ایک گاڑی کی سہولت بھی کامیابی سے جاری ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں