ایکناتھ شندے نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا لیا حلف، دیویندر پھڑنویس بنے نائب وزیر اعلیٰ

 ایکناتھ شندے نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا لیا حلف، دیویندر پھڑنویس بنے نائب وزیر اعلیٰ


ایکناتھ شندے اور دیویندر پھڑنویس دونوں کو مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا، اب کابینہ کی توسیع سے متعلق سرگرمیاں شروع ہوں گی۔


ممبئی / موصولہ خبروں کے مطابق شیوسینا باغی گروپ کے قائد ایکناتھ شندے نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گزشتہ کچھ دنوں سے ریاست میں چل رہی سیاسی اتھل پتھل کا کچھ حد تک خاتمہ ہو گیا ہے۔ لیکن حیرانی کی بات یہ ہے کہ بی جے پی لیڈر اور مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس ، جن کے وزیر اعلیٰ بننے کی قیاس آرائی ہو رہی تھی، انھوں نے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیا ہے۔ ایکناتھ شندے اور دیویندر پھڑنویس دونوں کو مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اب کابینہ کی توسیع کا عمل انجام پائے گا اور آنے والے دنوں میں شیوسینا و بی جے پی لیڈران کی بطور وزیر حلف برداری ہوگی۔

اس سے قبل دیویندر پھڑنویس اور ایکناتھ شندے نے گورنر کوشیاری سے ملاقات کی جس کے بعد پھڑنویس نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ وزیر اعلیٰ نہیں بنیں گے بلکہ ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ ایکناتھ کابینہ میں وہ شامل نہیں ہوں گے۔ پھر بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈّا کا ایک بیان سامنے آیا جس میں انھوں نے کہا کہ ’’دیویندر پھڑنویس کو نائب وزیر اعلیٰ بننا چاہیے۔ ان کی طرف سے بڑا دل دکھایا گیا ہے، لیکن انھیں اس حکومت میں شامل ہونا چاہیے۔‘‘ جے پی نڈّا کی اس اپیل کو دیویندر پھڑنویس نے مان لیا، اور مہاراشٹر کا نائب وزیر اعلیٰ بننے پر رضامندی کی مہر لگا دی۔


واضح رہے کہ بدھ کے روز ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد آج بی جے پی لیڈر دیویندر پھڑنویس اور ایکناتھ شندے نے راج بھون جا کر گورنر کے سامنے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ گورنر سے ملاقات کے بعد دیویندر پھڑنویس اور ایکناتھ نے مشترکہ پریس کانفرنس کیا تھا۔ جب دیویندر پھڑنویس نے اعلان کیا کہ ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے، تو وہاں موجود سبھی حیران رہ گئے۔ بعد ازاں ایکناتھ شندے نے کہا کہ ’’سابق وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بڑا دل دکھایا ہے۔ ان کے جیسا انسان ملنا مشکل ہے۔ جس کے پاس 120 اراکین اسمبلی ہیں، کوئی بھی ایسا نہیں کرتا۔ پنچائیت یا میونسپل کارپوریشن چیف کا عہدہ بھی کوئی نہیں دینا چاہتا، یہ تو وزیر اعلیٰ کا عہدہ ہے۔‘‘

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی