راشٹروادی کانگریس پارٹی نے کیا طاقت کا مظاہرہ ، راشننگ مسائل پر ہزاروں عوام سڑکوں پر نکل پڑی ، شیخ رشید و آصف شیخ کی قیادت میں دھڑک مورچہ کامیاب
ایک لاکھ 20 ہزار کیسری کارڈ ہولڈرس کو اناج، شکر ، راکیل ، تیل دیا جائے اور راشن کانوں میں اضافہ کیا جائے
ورنہ ناسک ضلع کلکٹر آفس کا گھیراؤ،حکام بالا کو 25 دسمبر تک این سی پی کا الٹی میٹم
مالیگاؤں / راشٹروادی کانگریس پارٹی مالیگاؤں نے اپنی عوامی طاقت کا تاریخی مظاہرہ پیش کرتے ہوئے آج شہر کے سلگتے ہوئے راشننگ مسائل پر دھڑک مورچہ کا انعقاد سابق میئر شیخ رشید کی قیادت میں کیا ۔اس موقع پر این سی پی کے صدر آصف شیخ، طاہرہ شیخ ،اسلم انصاری ،شکیل بیگ ،اعجاز عمر ،یاسمین سید، مہروالنساء اشفاق، شاہینہ انصاری سمیت این سی پی کے تمام سیل و یونٹ کے عہدیداران ، صدر و اراکین، ورکرس اور سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے سیکڑوں خاندانوں کے ہزاروں افراد مرد و خواتین نے اشوکا لاج آگرہ روڈ سے جونی تحصیل آفس ایڈیشنل کلکٹر دفتر تک پیدل مارچ کیا ۔مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس پر راشن دو، کیسری کارڈ ہولڈرس کو اناج دو، ایف ڈی او کی ناانصافی نہیں چلے گی، ریل بعد میں پہلے تیل دو، این سی پی زندہ باد، جیسے نعرے تحریر تھے ۔شہر کے ہزاروں کیسری و انتیودئے کارڈ ہولڈرس اپنے مطالبات کی حصولیابی کیلئے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے ۔آگرہ روڈ سے ہوتا ہوا یہ دھڑک مورچہ موسم پل، کیمپ روڈ ایڈیشنل کلکٹر آفس پر اختتام پذیر ہوا ۔ راشٹروادی کانگریس پارٹی نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہزاروں عوام کے بیچ مطالبات کی یکسوئی کیلئے حکام کو آخری موقع 25 دسمبر تک دیا ہے اور کہا کہ اگر ہمارے مطالبات قبول نہیں ہوئے تو پھر ناسک کلکٹر آفس کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔اس موقع پر شیخ رشید، طاہرہ شیخ، آصف شیخ شکیل بیگ، اسلم انصاری وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
مقررین نے کہا کہ حکومتی فیصلہ نمبر- 2021/.66/Napu- 22 18 فروری 2022 کے تحت دیہی اور شہری علاقوں کے لئے کیسری کارڈ اور انتیودئے کارڈ ہولڈرس کیلئے سرکاری اناج اسکیم سے ضلع وائز کوٹے کا تعین کیا گیا ہے۔اس کے مطابق ناسک ضلع کے 178563 انتیودئے کارڈ ہولڈرس اور 29,80804 کیسری کارڈ ہولڈرس کی تعداد ہے۔ہماری معلومات کے مطابق، ناسک ضلع میں موجودہ صورتحال میں انتیودئے اناج اسکیم کے 4098 کارڈز ہیں اور کیسری کارڈ کے سے فائدہ اٹھانے والے ارکان کی تعداد 143096 ہے۔پورے ضلع میں کیسری کارڈ ہولڈروں میں اناج تقسیم کیا جاتا ہے۔ اگر ایسا ہے تو مالیگاؤں شہر کی عوام جو غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور ان غریب کیسری کارڈ ہولڈروں کے ساتھ ناانصافی کیوں؟ مالیگاؤں شہر کے 1,20000 کیسری کارڈ ہولڈروں کو فوڈ سیکورٹی ایکٹ کے تحت شامل کیا جائے اور اسکیم کا فوری فائدہ دیا جائے۔
اسی طرح حکومتی فیصلے کے مطابق انتیودئے اور پی ایچ ایچ کارڈ ہولڈرز کو شکر دینا لازمی ہے لیکن ان کارڈ ہولڈرز کو بھی محروم رکھا جارہا ہے۔انہیں فوری طور پر شکر فراہم کیا جائے ۔ مالیگاؤں شہر کے کل راشن کارڈ ہولڈروں میں سے 28000 راشن کارڈ ہولڈرس کے پاس GAS نہیں ہے۔ ان 28000 کارڈ ہولڈرز کو فوری طور پر راکیل کی تقسیم شروع کی جائے۔
مالیگاؤں سٹی اناج ڈسٹری بیوشن آفیسر کے دفتر کی غلطی سے 5 تا 7 ہزار پی ایچ ایچ کارڈ منسوخ ہوچکے ہیں، ان تمام منسوخ شدہ کارڈس کو فوری طور پر دوبارہ شروع کیا جائے۔
سال 1999 سے تقسیم کی جانے والی انتیودئے /کیسری کارڈ بہت خستہ حال ہے۔ ان تمام راشن کارڈ ہولڈروں کو نئے راشن کارڈ جاری کرنے کے لیے ایف ڈی او دفتر کی طرف سے شہر میں کئی مقامات پر کیمپ لگائے جائیں۔آبادی کے لحاظ سے راشن دکانوں میں اضافہ کیا جائے ۔
آدھار سیڈنگ کے سلسلے میں، ڈسٹرکٹ سپلائی آفیسر ناسک سے رابطہ کیا گیا اور وضاحت کی گئی، انہوں نے کہا کہ انتیودئے / کیسری فیملی بینیفٹ راشن شیٹ کے کام کو روکنے کا کوئی حکم نہیں ہے، لیکن آن لائن سسٹم کے ذریعے نام بڑھانے/ گھٹانے کا عمل فوری طور پر شروع کیا جانا چاہیے۔آپ سے گزارش ہے کہ ان تمام مطالبات پر 25 دسمبر تک کارروائی شروع کی جائے اور عوام کو انکے حق کا راشن دیا جائے ورنہ 26 دسمبر بروز پیر کو صبح 12 بجے، ان تمام راشن کارڈ ہولڈرس کو ناسک کلکٹریٹ آفس لے جا کر احتجاج کیا جائے گا۔ براہ کرم نوٹ کریں کہ اگر ایسی صورت میں امن و امان میں خلل پیدا ہوتا ہے تو آپ پوری طرح ذمہ دار ہوں گے۔اسطرح کا ایک مکتوب دھڑک مورچہ کی قیادت کرتے ہوئے شیخ رشید، طاہرہ شیخ اور آصف شیخ رشید نے ایڈیشنل کلکٹر مالیگاؤں کو دیا ہے ۔اس موقع پر مقررین نے مقامی ایم ایل اے اور آؤٹر کے ایم ایل اے و ناسک ضلع کے رابطہ وزیر کو بھی زبردست تنقید کا نشانہ بنایا ۔
اس مطالباتی مکتوب کی ایک کاپی پرنسپل سکریٹری،وزارت رسد و خوراک اور شہری سپلائی محکمہ ممبئی، ڈویژنل کمشنر ناسک ڈویژن، کلکٹر ناسک، سب ڈویژنل مجسٹریٹ مالیگاؤں، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس مالیگاؤں اور ڈسٹرکٹ سپلائی آفیسر ناسک کو دی گئی ہے ۔
ایک تبصرہ شائع کریں