مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کمشنر کی مفاد پرستانہ پالیسی ، کارپوریشن کروڑوں کے بوجھ تلے دب رہی ہے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن پر 375 کروڑ روپے کا مالی بوجھ ، کارپوریشن کنگال ہونے کی راہ پر، آصف شیخ کی سنسنی خیز پریس کانفرنس کیا مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کروڑوں روپے بینک سے قرض لیکر ادا کرے گی یا پھر ملکیت فروخت کریگی یا شہریان پر بھاری بھرکم بوجھ ڈالا جائے گا؟ کمشنر جواب دیں ضرورت پڑنے پر سخت تحریک و ہائی کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا

 مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کمشنر کی مفاد پرستانہ پالیسی ، کارپوریشن کروڑوں کے بوجھ تلے دب رہی ہے 


مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن پر 375 کروڑ روپے کا مالی بوجھ ، کارپوریشن کنگال ہونے کی راہ پر، آصف شیخ کی سنسنی خیز پریس کانفرنس 


کیا مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کروڑوں روپے بینک سے قرض لیکر ادا کرے گی یا پھر ملکیت فروخت کریگی یا شہریان پر بھاری بھرکم بوجھ ڈالا جائے گا؟ کمشنر جواب دیں


ضرورت پڑنے پر سخت تحریک و ہائی کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا  

مالیگاؤں / مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کمشنر کروڑوں روپے کی اسکیم لاکر عوام کو گمراہ کررہے ہیں اور مالیگاؤں کارپوریشن کو اب تک 375 کروڑ روپے کے اخراجات کا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر بھالچندر گوساوی کی تقریباً 1100 کروڑ روپے کی تجاویز کو حکومت نے منظوری دی ہے اور تقریباً 375 کروڑ روپے میونسپل کارپوریشن کو اپنے حصہ کے طور پر مختص کرتے ہوئے حکومت کو دینا ہے۔ اگر ہم مالیگاؤں کارپوریشن کی موجودہ مالی صورتحال پر غور کریں تو آج میونسپل کارپوریشن نے 186 کروڑ کے کام مکمل کیے ہیں اور اسپل ورک کے بل ادا نہ ہونے کی وجہ سے یہ کام زیر التوا ہیں۔ٹھیکہ داروں کو 186 کروڑ روپے ادا کرنا باقی ہے ۔انتظامیہ کے اخراجات روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں اور حال ہی میں ایڈمنسٹریٹر بھالچندر گوساوی نے 500 مان دھن طرز کے ملازمین کی تنخواہ دگنی کر کے اخراجات میں اضافہ کر دیا ہے۔ محکمہ صفائی/صحت/واٹر سپلائی/بجلی میں مان دھن کے تمام ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی اور کچی آبادیوں کے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بہت سے ضروری کاموں پر خرچ کرنا انتہائی ضروری ہے۔ میونسپل انتظامیہ مذکورہ تمام امور کے لیے لگنے والے اخراجات کے ساتھ ساتھ میونسپل حصہ کی ملکیت میں بھی کمی کرنے جا رہی ہے۔کیا یہ سمجھا جائے کہ میونسپل انتظامیہ اپنی ملکیت کی زمین بیچنے جا رہی ہے؟ یا کارپوریشن کسی بینک/ مالیاتی ادارے سے قرضہ لینے والی ہے ؟ یا پھر مالیگاؤں کی عوام پر بوجھ ڈال کر اضافی ٹیکس وصول کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں؟ یہ تمام اہم مسائل ہیں اور حکومت کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ میونسپل انتظامیہ سے اس بارے میں باز برس کرے۔اسطرح کا اظہار خیال آصف شیخ رشید نے راشٹروادی بھون پر منعقدہ اردو مراٹھی اخباری نمائندوں سے پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔

مالیگاؤں شہر پاورلوم مزدوروں کا شہر ہے اور تقریباً 70 فیصد آبادی کچی آبادیوں میں رہتی ہے۔ کچی آبادیوں میں تاحال شہری سہولتیں فراہم نہیں کی جاتیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ میونسپل انتظامیہ اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ غیر ضروری بڑے منصوبوں کی تجاویز کو منظوری حکومت کی طرف سے صرف اپنی خود غرضی کے لیے دی جا رہی ہے۔ مالیگاؤں کارپوریشن نے اپنی ل آمدنی کا پورا حصہ حکومت کو ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے؟

اگر ایسا ہوتا ہے تو مالیگاؤں شہر کی عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم ہونا پڑے گا۔ شہر میں صفائی کا بڑا مسئلہ پیدا ہونے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا، واٹر سپلائی سروس کے لیے خاطر خواہ فنڈز اور بجٹ کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کو پینے کے پانی کی شدید پریشانی برداشت کرنی پڑے گی۔ اس لیے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی مالی صورتحال کا جائزہ لینے اور میونسپل کارپوریشن کی سالانہ آمدنی اور اخراجات کے ساتھ ساتھ بہت ساری بے قاعدگی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی چھان بین کرنے کا حکم دیا جائے۔اس ضمن میں ایک تفصیلی مکتوب مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر آصف شیخ رشید نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، وزیر مالیات و نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، مہاراشٹر کے چیف سیکرٹری منو کمار سری واستو، نگر وکاس پردھان سیکریٹری سونک میڈم سے  کیا ۔


آصف شیخ رشید نے تفصیلی مکتوب دیتے ہوئے کہا کہ مالیگاؤں شہر کی عوام کی جانب سے میں سرکار سے درخواست کرتا ہوں،کہ حکومت مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کو فنڈز دینے سے پہلے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی مالی صورتحال / سالانہ آمدنی اور اخراجات اور جس طریقے سے میونسپل کارپوریشن سرکاری اسکیموں کے لئے اپنے حصے کی رقم شامل کرنے جارہی ہے اس کی آئندہ 10 دنوں میں جانچ پڑتال کی جائے اور مالیگاؤں شہر کی عوام کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ بصورت دیگر، مالیگاؤں شہر کی عوام کے فائدے کے لیے اور شہر کے ساتھ  ہونے والی ناانصافی کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی بھی دائر کی جائے گی۔


آصف شیخ نے حکومت مہاراشٹر کی جانب سے مالی سال 2020-21 کے ساتھ ساتھ 2021 22 2022-23 میں  منظور شدہ کاموں کی فہرست بھی مکتوب کے ساتھ دی ہے ۔


منظور شدہ کاموں کی فہرست اور مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے حصہ کی رقم


1) ندی اسکیم کے تحت موسم ندی کی درستی و صفائی کیلئے 13 کروڑ 15 لاکھ 27 ہزار پانچ سو روپے میں سے میونسپل کارپوریشن کو 2 کروڑ 63 لاکھ 550 روپے ادا کرنے ہونگے ۔


2) مہاراشٹر سورن جینتی نگر اتھان اسکیم کے تحت وارڈ نمبر 7 سے 10 سوئگاؤں میں انڈر گراؤنڈ گٹر تعمیر کرنے کیلئے 5 کروڑ 79 لاکھ سات ہزار 349 روپے تخمینہ میں سے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کو 1 کروڑ 39 لاکھ 72 ہزار سات 857 روپے ادا کرنا ہوگا ۔


3) مہاراشٹر نگر اتھان ضلعی سطح پر منظور اسکیم سے 3 کروڑ 46 لاکھ 64 ہزار 236 روپے میں سے کارپوریشن کو 1 کروڑ 2 لاکھ ہندرہ ہزار 298 روپے ادا کرنے ہونگے ۔


4) مہاراشٹر سورن جینتی نگر اتھان ضلعی سطح پر منظور اسکیم سے 3 کروڑ 69 لاکھ 88 ہزار 518 روپے میں سے کارپوریشن کو ایک کروڑ دس لاکھ 36 ہزار 555 روپے ادا کرنے ہونگے ۔


5) مہاراشٹر نگر اتھان ضلعی سطح پر منظور اسکیم سے 40 کروڑ 59 ہزار 139 روپے میں سے کارپوریشن کو 73 لاکھ 9 ہزار 339 روپے ادا کرنے ہونگے ۔


6) مہاراشٹر نگر اتھان ضلعی سطح پر منظور پانچ کروڑ پچاس لاکھ روپے میں سے کارپوریشن کو ایک کروڑ 81 لاکھ پچاس ہزار روپے ادا کرنے ہونگے ۔


7) مہاراشٹر نگر اتھان ضلعی سطح پر 22 کاموں کیلئے چار کروڑ ایک لاکھ 91 ہزار 154 روپے میں سے ایک کروڑ 17 لاکھ 30 ہزار 833 روپے ادا کرنے ہونگے ۔


8) مہاراشٹر سورن جینتی نگر اتھان ضلعی سطح پر مہا ابھیان سے 29 کروڑ 3 لاکھ 12 ہزار 187 روپے میں سے کارپوریشن کو 8 کروڑ دس لاکھ 73 ہزار 659 روپے ادا کرنے ہونگے ۔


9) مہاراشٹر سورن جینتی نگر اتھان مہا ابھیان سے راستے تعمیر کرنے کیلئے 99 کروڑ 67 لاکھ روپے میں سے مالیگاؤں کارپوریشن کو 27 کروڑ 71 لاکھ روپے ادا کرنے ہونگے ۔


10) مرکزی حکومت کی امرت اسکیم 2 کے تحت 4 سو  77 کروڑ 60 لاکھ روپے میں سے 149 کروڑ 71 لاکھ روپے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کو ادا کرنے ہونگے ۔


11) ریاستی سرکار کی امرت اسکیم کے تحت واٹر سپلائی (محکمہ آب) کیلئے 146 کروڑ روپے میں سے 37 کروڑ 75 لاکھ 90 ہزار روپے مالیگاؤں کارپوریشن کو ادا کرنا ہوگا ۔


اس سلسلے میں آصف شیخ رشید نے مالیگاؤں شہر کی عوام کی جانب سے کارپوریشن کمشنر کو صاف لفظوں میں انتباہ دیا ہے کہ مالیگاؤں شہر یہاں کی عوام کا ہے ۔عوامی باڈی شہر کے مفاد میں فیصلہ لیتی ہے ۔شہر بھر میں یکساں کام کرتے ہوئے شہریوں کے ساتھ انصاف کیا جاتا ہے ۔لیکن آج کارپوریشن پر عوامی باڈی نہ ہونے سے کمشنر کچھ سیاسی آقاؤں کیلئے کارپوریشن کو کنگال کررہے ہیں ۔شہر میں بھید بھاؤ کرتے ہوئے مالیگاؤں سینٹرل کو تعمیری کاموں سے نظر انداز کیا جارہا ہے ۔آصف شیخ نے کہا کہ اگر شہر میں انصاف کرتے ہوئے پورے مالیگاؤں میں یکساں کام کاج کو ترجیح دیتی ہے تو ہم اسکا استقبال کریں گے لیکن ایسا نہیں کیا جارہا ہے ۔لہٰذا کارپوریشن پر عوامی باڈی نہ ہونے سے کارپوریشن ایڈمنسٹریٹر اپنی مانی سے شہر کی عوام پر کروڑوں روپے کا بوجھ ڈال کر شہر کو مزید پستی کی طرف ڈھکیل رہی ہے ۔آصف شیخ نے کہا کہ اس اہم مسائل پر میں شہر کی تمام سیاسی پارٹیوں اور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ شہر کے بہتر مستقبل کیلئے آگے آئیں اور کارپوریشن کمشنر کی دھاندلی کیخلاف آواز بلند کریں ورنہ کل شہر کی عوام اور آنے والی باڈی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔اس موقع پر آصف شیخ رشید نے کہا کہ اگر کارپوریشن کمشنر نے شہر کے حق میں درست فیصلہ نہیں لیا تو مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی سخت تحریک کا راستہ اختیار کریگی اور ضرورت پڑنے پر ہائی کورٹ میں بھی مفاد عامہ کی عرضداشت دائر کریگی ۔اس موقع پر اسلم انصاری، اعجاز عمر ،شکیل بیگ ، عبدالقیوم ایس ای او، انصاری ندیم پھنی والا، عاصم راکی وغیرہ موجود تھے ۔

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی