١٩ نومبر ٢٠٢٣ بروز اتوار کو خلیل اسکول گراؤنڈ میں ایک روزہ محسن انسانیت کانفرنس مُحدثِ مکہ مکرمہ ،مفتی ومدرس حرم علامہ وصی اللہ عباس کی مالیگاؤں آمد

 ١٩ نومبر ٢٠٢٣ بروز اتوار کو خلیل اسکول گراؤنڈ میں ایک روزہ محسن انسانیت کانفرنس

مُحدثِ مکہ مکرمہ ،مفتی ومدرس حرم علامہ وصی اللہ عباس کی مالیگاؤں آمد



 مالیگاؤں(پریس ریلیز)مورخہ 15 نومبر 2023 ءبروز بدھ بعد نماز عشاء اہل حدیث منزل گولڈن نگر میں صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر کے امیر ڈاکٹر سعید احمد فیضی اور صوبائی جمعیت کے ناظم اعلیٰ حافظ عنایت اللہ محمدی اور مقامی جمعیت کے امیر مولانا شکیل احمد فیضی نے مشترکہ پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹراپنی بنیاد سے ہی مالیگاؤں کے مرکزی دفتر سے پورے صوبے میں اپنی ضلعی وذیلی اکائیوں کے ساتھ دینی دعوتی وتعلیمی نیز اجلاس وکانفرنس اور سماجی وفلاحی سرگرمیوں میں اپنا ایک مقام رکھتی ہے۔


19 نومبر 2023ء بروز اتوار عصر بعد تا رات دس بجے گولڈن نگر کے سیٹھ محمد خلیل ہائی اسکول گراؤنڈ میں صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹرکا صوبائی سطح کا دینی اجلاس منعقد ہونے جارہاہے۔ ان شاء اللہ جس میں ائمہ حرمین شریفین کے استاذ، محدث مکہ مکرمہ،مفتی ومدرس حرم علامہ وصی اللہ عباس مدنی صاحب، مکہ مکرمہ سے تشریف لاچکے ہیں،ان کے علاوہ ملک کے کئی ممتازو مشاہیراہل علم وفضل شریک ہوکر حاضرین سے خطاب فرمائیں گے اور اس کانفرنس سےپوری ریاست سے استفادہ کرنے والے سامعین کی ایک بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

صوبائی جمعیت اپنے اجلاس میں مختلف عناوین کے تحت، ملک کے مشاہیر اہل علم وفضل کے ذریعے محسن انسانیت حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی سچی تعلیمات کوعام کرنا چاہتی ہے۔جس میں مسنون نکاح کی ترویج اور بے جا رسومات وخرافات کی تردید، معاشرے کی اصلاح میں نوجوانوں کے کردار کواجاگر کرنا،حالات حاضرہ میں ہماری ذمہ داریاں،برادران وطن کے ساتھ حسن سلوک اوران کے شرعی حقوق کی تعلیمات کو عام کرنا،مسلمانوں میں بے دینی کے اسباب وعلاج اسی طرح قرآن کے پیغام اور اس کے احکام کولوگوں تک پہونچانا۔


واضح ہوکہ محسن انسانیت کانفرنس کے علاوہ صبح کے وقت خواتین کے لئے ان کےحقوق و فرائض اور ان کے امتیازی مسائل کی جانکاری کے لئے خلیل اسکول کیمپس میں حقوق نسواں کانفرنس کاانعقاد کیا جا رہا ہے،علاوہ ازیں مفتی ومدرس حرم مکی کی صدارت میں مسجد اہل حدیث گولڈن نگر میں صوبائی جمعیت کے ارکان شوری وعاملہ نیز پورے مہاراشٹر کے ائمہ وعلماء کرام کے لئے ایک سیمپوزیم بعنوان تحریک اہل حدیث ماضی و حال۔ تاریخ کے آئینے میں منعقد ہوگا۔ 

جس میں تاریخ پر گہری نگاہ رکھنے والےاہل علم واصحاب وفکرونظر مختلف موضوعات مثلاً ہندوستان میں تحریک اہل حدیث کی ابتداء اور علماء اہل حدیث کی دیگر ملی ،دینی،سیاسی تنظیموں میں شراکت اور گراں قدر خدمات کونسل نو تک پہونچانے کی کوشش کریں گے اس کے علاوہ تحریک اہل حدیث کے تنزلی کے اسباب اور اس کے علاج مزید تحریک اہل حدیث کس طرح منظم ہوکر اپنا دعوتی فریضہ انجام دے سکتی ہے اس پر اپنے قیمتی مقالات پیش کریں گے۔ ان شاءاللہ۔ صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر کے جملہ ذمہ داران کا مذکورہ پروگراموں کامقصد یہ ہیکہ آپس کی غلط فہمیوں کو دور کرنا بلاتفریق مسلک و مذہب قربت ومحبت کاماحول بنانا کیونکہ یہ چیزیں ہمارے لئے، ہمارے سماج اور ملک کی تعمیروترقی کیلئے انتہائی مفید ہے ۔


یہ نہیں ہوسکتا ہے کہ ہمیں وطن سے محبت ہو اور وطن میں رہنے والوں سے محبت نا ہو،اس لئے آئیے ملک میں محبت کا ماحول بنائیں نفرت کوختم کریں اورملک وملت کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اس کے علاوہ مسلمانان عالم کی جان ومال اور ان کی عزت وآبرو کیلئے دعا کریں بالخصوص فلسطین کے مسلمانوں پر ہورہے ظلم و زیادتی کو نہ بھولیں اور ان پر ظلم وستم کرنے والی باطل طاقتوں کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ جاری رکھیں اور نماز میں قنوت نازلہ کااہتمام کریں،اللہ تعالی ہمیں اس کی توفیق عطاء فرمائے۔آخر میں ہم اس پریس کانفرنس کے ذریعے بلاتفریق مسلک اہلیان شہر سے گذارش کریں گے کہ اس کانفرنس میں شریک ہوکر مفتی ومدرس حرم مکی اور نامور علماء کرام کے مواعظ حسنہ سے مستفید ہوں۔اس پریس کانفرنس میں ڈاکٹر سعید احمد فیضی و مولانا شکیل احمد فیضی، حافظ عنایت اللہ محمدی،حافظ ایمن مکی،حافظ اشفاق محمدی موجود تھے.

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی